منگلورو 27؍جولائی (ایس او نیوز) ایک طرف جہاں سرکاری بسوں کی ہڑتال سے عوام کا حال بے حال ہوگیا ہے وہیں پر اولا اور یوبر جیسی ایپ والی آن لائن ٹیکسی ڈرائیوروں نے بھی اب جنوبی کینرا میں احتجاجی مظاہرے کی دھمکی دی ہے جو یقیناًعوام کے مسائل میں مزید اضافے کا سبب ہوسکتا ہے۔مذکورہ ٹیکسی ڈرائیوروں کا الزام ہے کہ انہیں ایئر پورٹ اور ریلوے اسٹیشن پر بہت زیادہ ہراساں کیا جاتا ہے۔ اگر اس پر روک نہیں لگی تو پھر وہ احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔
جنوبی کینرا آن لائن ٹیکسی ڈرائیورس اینڈ اونرس ایسوسی ایشن کے صدربی کے امتیاز نے بتایا کہ منگلورو ایئر پورٹ اور ریلوے اسٹیشن کے احاطوں میں ہمیں دھمکیاں دی جاتی ہیں اور ہراساں کیا جاتا ہے۔اور اس معاملے میں ہماری شکایتوں پر پولیس نے بھی کوئی اقدام نہیں کیا ہے۔اگر ہمارے ساتھ ہراسانی کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو پھر ہم لوگ احتجاجی مظاہرے پر اتر آئیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اولا اور اوبر ٹیکسی کمپنیوں کی طرف سے چند قانونی خلاف ورزیوں کے متعلق ہائی کورٹ میں ایک رٹ پٹیشن زیر سماعت ہے۔اورریاستی حکومت نے بھی اپنا حلف نامہ عدالت میں داخل کیا ہوا ہے۔
مسٹر امتیاز نے کہا کہ ٹیکسی ڈرائیوروں اور مالکوں پر حملے کرنا صحیح نہیں ہے۔ کیونکہ جو ٹیکسی مالکان اولا اور اوبر کے لئے خدمات فراہم کرتے ہیں وہ قانون کے مطابق سروس ٹیکس اور ٹی ڈی ایس باقاعدہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ آن لائن ٹیکسیوں کے معاملات میں بعض طبقات کی طرف سے کی جانے والی دخل اندازی کو کسی بھی طرح برداشت نہیں کیا جائے گا۔